اسلام آباد(ویب ڈیسک) : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا کے دوران پاکستانی کمیونٹی کاخیال رکھنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یواےای میں مقیم لاکھوں پاکستانی تعمیر و ترقی میں کردارادا کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا متحدہ عرب امارات کےوزیرخارجہ عبداللہ بن زائد النہیان سے فون پر رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کےمابین برادرانہ تعلقات ہیں، یواےای میں مقیم لاکھوں پاکستانی تعمیروترقی میں کرداراداکررہےہیں، ہرمشکل گھڑی میں دونوں ملکوں نےایک دوسرےکابھرپورساتھ دیا۔
وزیرخارجہ نے کورونا وبا کے دوران پاکستانی کمیونٹی کاخیال رکھنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب میولوت چاؤش اولو سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا ، جس میں دونوں رہنماؤں میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اہم معاملات میں دونوں ممالک کےمؤقف میں مماثلت خوش آئند ہے، مسئلہ کشمیر پر واضح اور دو ٹوک مؤقف اپنانے پر ترکی کے مشکور ہیں۔
ترک وزیر خارجہ میولوت چاش اولو نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔