تازہ تر ین

میلبرن ٹیسٹ۔۔۔پاکستان کے 443 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری

میلبرن( ویب ڈیسک)  دوسرے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 443 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی جب کہ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 443 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی جس کے جواب میں آسٹریلیا آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 111 رنز بنا لئے ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رینشا ہیں جو 10 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر 64 اور عثمان خواجہ 32 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے 310 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اظہر علی 139 جب کہ محمد عامر 28 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ بارش کی آنکھ مچولی کی وجہ سے تیسرے دن کا کھیل بھی متاثر ہوا، بارش ختم ہونے کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو محمد عامر 29 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بن گئے جس کے بعد سہیل خان نے اظہر علی کے ساتھ شراکت میں اپنے کھیل کا آغاز کیا اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 رنز بنا کر میڈنسن کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔ بعدازاں وہاب ریاض اظہر علی کا ساتھ دینے وکٹ پر آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رہ سکے اور 1 رن بنا کر ہیزلووڈ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ اظہر علی نے سابق کھلاڑی ماجد خان کا ریکارڈ بھی توڑتے ہوئے اپنی تیسری ڈبل سنچری اسکور کی اور 205 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 443 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔کھیل کے دوسرے دن کھانے کے وقفے کے دوران ہی بارش شروع ہوگئی تھی جس سے کھیل ایک گھنٹے تاخیر کا شکار ہوا۔ کھیل شروع ہوتے ہی کینگروز نے پاکستانی بلے بازوں پر تابڑ توڑ حملے شروع کردیئے، جسے اسد شفیق برداشت نہ کرسکے اور 240 رنز کے مجموعی اسکور پر وہ 50 رنز بنانے کے بعد جیکسن برڈ  کا شکار بنے۔ اسد شفیق اور اظہر علی نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 115 رنز بنائے۔اسد شفیق کے بعد اظہر علی کا ساتھ نبھانے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کریز پر آئے لیکن 268 کے اسکور پر وہ بھی ہمت ہار بیٹھے، انہوں نے 10 رنز بنائے۔ سرفراز کے بعد محمد عامر میدان میں اترے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کا اسکور 310 تک پہنچایا تو بارش ایک مرتبہ پھر آڑے آگئی اور کھیل کو روک دیا گیا۔ اس وقت اظہر علی 139 جب کہ محمد عامر 28 رنز بنا چکے ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کو 3 ٹیسٹ میچ کی سیریز میں پاکستان پر ایک صفر کی برتری حاصل ہے


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain