اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہاہے کہ نوازشریف کے احتساب تک انصاف نہیں ملے گا جب کہ پیپلزپارٹی کے پلان کاانتظار کررہے ہیں اس کے بعد لائحہ عمل دیں گے،پیپلزپارٹی کااپنا فیصلہ ہے، الیکشن لڑکرکوئی بھی پارلیمنٹ میں آسکتاہے، مسلم لیگ(ن)الیکشن کمیشن میں کیس ہار جائے گی ، اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر سمی بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب تک نوازشریف سے احتساب شروع نہیں ہوتا انصاف نہیں ملے گا جب کہ پلی بارگین کا قانون بالکل غلط ہے یہ نہیں ہونا چاہیے اور چیرمین نیب کوفوری فارغ کردینا چاہیے، ہم نے خیبرپختونخوامیں جو احتساب کمیشن بنایا اس میں کوئی پلی بارگین نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)الیکشن کمیشن میں کیس ہار جائے گی جب کہ پاناما کیس میں ہم کہہ رہے ہیں فیصلہ کریں لیکن(ن)لیگ کے وکیل مزید تاریخ مانگ رہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے 1983 میں فلیٹ لیا جو کبھی نہیں چھپایا لیکن نوازشریف نے مے فیئر کے فلیٹس چھپانے کے لیے جھوٹ بولا جب کہ زمین لینے میں ہم نے کون سا قانون توڑا ہے، میں تو حلال کی کمائی باہر سے پاکستان لے کر آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق خیبرپختونخوا حکومت کو ناکام کرنا چاہتا ہے کیوں کہ ڈھائی سال سے ریلوے ٹریک بنانے کی اجازت نہیں مل رہی جب کہ مولانا صاحب کے بارے میں وکی لیکس نے صحیح انکشاف کیا تھا، وہ کہتے رہے کہ انہیں وزیراعظم بنا دیں۔ ایک سوال کے جواب میں چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے پلان کاانتظار کررہے ہیں اس کے بعد لائحہ عمل دیں گے۔ عمران خان نے کہاکہ آصف زرداری کا پارلیمنٹ میں آنا پیپلزپارٹی کا اپنا فیصلہ ہے،الیکشن لڑکرکوئی بھی پارلیمنٹ میں آسکتاہے۔ عمران خان نے کہاکہ تحریک انصاف کی جانب سے پیپلزپارٹی کے اس اقدام کا جائزہ لیاجارہاہے۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ ابھی تحریک انصاف کو پیپلزپارٹی کے اس فیصلے کی سمجھ نہیں آئی ہے۔عمران خان نے مزیدکہاکہ نیب مکمل طور پر کرپشن ختم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے۔نوازشریف کے خلاف نیب میں 12مقدمات درج ہیں۔جب تک بڑوں کو نہیں پکڑیں گے کرپشن ختم نہیں ہوگی۔