لاہور (خبر نگار خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے افغانستان کی صورتحال پر ان کیمر ااجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کروٹ لیتے حالات میں پاکستان میں قومی اتفاق رائے اور ایک بیانیہ ناگزیر ہے ، قومی مفادات کا تقاضا ہے کہ تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہوں اس معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلا یا جائے اوردرپیش صورتحال پرغورکیا جائے ۔
انہوں نے کہا قومی وسیاسی سطح پر اس مسئلے اور اس کے نتیجے میں پاکستان پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا تفصیلی اور گہرائی سے سنجیدہ تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے ،افغانستان کی صورتحال کے پورے خطے پر اثرات ہیں ۔دریں اثنا شہباز شریف نے پی ٹی آئی حکومت کے تین سال کو عوامی استحصال کے بدترین سال قرار دیتے ہوئے کہا تبدیلی کے تین سال غریب عوام کے لئے ظلم کی تین صدیاں بن گئے ،تین سال میں معیشت چلی نہ کاروبار، تعلیم صحت بہتر ہوئی نہ روزگار، آٹا چینی سستا ہوا نہ ہی دوائی اور علاج۔ دنیا نے پاکستان کو کرپشن ، بدعنوانی اور رشوت ستانی میں ترقی کا سرٹیفکیٹ دیا۔
’’تبدیلی‘‘ کے 3 سال غریب عوام کیلئے ظلم کی صدیاں بن گئے