اسلام آباد: حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگلے انتخابات نئی مردم شماری اور الیکٹرانک ووٹنگ کے ساتھ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا ساتویں مردم شماری میں نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، اور اس کے لیے تمام مراحل 18 ماہ میں مکمل ہوں گے۔
فواد چوہدری نے کہا ساتویں مردم شماری کے منظوری کے مراحل چل رہے ہیں، اگلا الیکشن نئی حلقہ بندیوں اور نئی مردم شماری کے مطابق ہونا ہے، چھ ماہ اور سال میں الیکشن کی پیش گوئیاں کرنے والوں کو مایوسی ہوگی، اپوزیشن میں بونے ہی رہ گئے ہیں، کرسیاں نیچے آ گئی ہیں، ان کی سیاست صرف اپنے پیسے بچانے کے لیے ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اگلے انتخابات نئی مردم شماری اور الیکٹرانک ووٹنگ سے ہوگی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم سینماؤں کو کھولنے کی طرف جا رہے ہیں، کینیڈین، ترک اور ایرانی فلموں کو چلانے کی اجازت دے رہے ہیں۔
وزیر اطلاعاعت نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں ہمیں بڑی کامیابی ملی ہے، پولیو ملک میں کم ترین سطح پر آ گیا ہے اور 7 ماہ میں ایک بھی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، جو خوش آئندہ ہے۔
انھوں نے کہا سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں 40 فی صد اضافہ کیا گیا ہے، وفاقی ملازمین کے لیے ہاؤس رینٹ الاؤنس کے لیے 44 فی صد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔