اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ہی ہوں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزرا نے اعلی عسکری حکام سے ملاقات کی، جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم احمد انجم ہی ہوں گے، وہ آئندہ ہفتے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹی فکیشن کل تک جاری کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 6 اکتوبر کو پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تبادلوں اور تقرریاں کی گئی تھیں، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیاتھا۔
کئی روز بعد بھی ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوسکا تھا، جس کے بعد یہ تاثر پیدا ہورہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو ہی ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔