لاہور(شوبزڈیسک)تاپسی پنو نے حالیہ انٹرویو میں موجودہ دور کی رومانوی فلموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ 90 کی دہائی میں بننے والی رومانوی فلموں میں محبت کے جذبات اور 2 کرداروں کے درمیان تعلق کو جس خوبصورتی سے دکھایا جاتا تھا، وہ آج کی فلموں میں کم نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آج کل کی رومانوی فلموں میں بھی بار بار وہی پرانے موضوعات دہرائے جا رہے ہیں، جن میں والدین کی مخالفت، مذہب اور ذات پات کے اختلافات جیسے تنازعات شامل ہیں۔بھارتی اداکارہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ رومانوی فلموں میں وہی پرانے موضوعات دہرانے کے بجائے آج کے دور کے مسائل اور تعلقات کی حقیقت کو جگہ دی جائے کیونکہ ٹیکنالوجی نے لوگوں کے محبت کرنے اور ایک دوسرے سے تعلق قائم کرنے کے انداز کو تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے فلموں میں موجودہ دور کے اداکاروں کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں فلموں کے رومانوی مناظر دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے دونوں کرداروں کی دنیا میں ایک دوسرے کے سوا کوئی موجود نہیں لیکن اب اداکار اپنے ساتھی اداکار پر توجہ دینے کے بجائے کیمرے کے بہترین زاویوں اور اپنی ظاہری شخصیت کے بارے میں زیادہ سوچتے ہیں۔تاپسی پنو نے کہا کہ محبت میں ہیرو بننے یا پھر حد سے زیادہ جارحانہ رویہ اختیار کرنے کے درمیان ایک خوبصورت پہلو بھی ہوتا ہے، جس میں ایک دوسرے کے لیے خلوص، توجہ اور قربانی کا جذبہ دکھایا جاتا ہے، مگر موجودہ فلموں میں یہ پہلو کہیں کھو گیا ہے۔انہوں نے 2018 میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم من مرضیاں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر کوئی بہت بڑی کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھی لیکن اسے آج بھی ناظرین یاد کرتے ہیں اور اس کے بارے میں بات کرتے ہیں، کیونکہ اس فلم میں ایک خالص محبت کی کہانی تھی، جسے کسی غیر ضروری تاریک موڑ یا سماجی پیغام کی ضرورت نہیں تھی۔بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ میں مستقبل میں ایک مکمل رومانوی فلم میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہوں۔انہوں نے اپنی نجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں اور سابق بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بو گزشتہ 13 برس سے ساتھ ہیں۔تاپسی پنو نے بتایا کہ میں ہمیشہ ایسے شریکِ حیات کی خواہش مند تھی جو میرے لیے خصوصی کوشش کرے اور میرے ساتھ تعلق کو اہمیت دے۔انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کو ایسے ہی رومانس کی ضرورت ہے جو صرف دکھاوے کے بجائے حقیقی جذبات، باہمی احترام اور محبت کی عکاسی کرے۔
بالی ووڈ فلموں میں 90 کی دہائی جیسا رومانس واپس لایا جائے تاپسی پنو

