لاہور(شوبزڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ کو برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ دونوں فنکاروں کو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری، فنون اور ثقافت کے فروغ کے لیے خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز پیش کیے گئے۔یہ خصوصی تقریب لندن کے علاقے ویسٹ منسٹر میں واقع ہاسز آف پارلیمنٹ میں منعقد ہوئی جس کا اہتمام برطانوی پاکستانی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کی دعوت پر آرٹس پروموٹر عطا حق نے کیا تھا۔ تقریب میں برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان اور پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ایمن خان اور منیب بٹ کو پاکستان کی تفریحی صنعت میں نمایاں خدمات انجام دینے، پاکستانی فنکاروں کی عالمی سطح پر پذیرائی اور ملکی ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کے اعتراف میں اعزازات دیے گئے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے دونوں فنکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے فنون، فلم، ثقافت اور قومی ورثے کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ثقافت پاکستانی اور کشمیری پس منظر رکھنے والے افراد کے درمیان تعلق مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پاکستان کی عالمی سطح پر مثبت نمائندگی کے لیے ایمن خان اور منیب بٹ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ناز شاہ نے دونوں فنکاروں کو مبارک باد دیتے ہوئے بریڈفورڈ ویسٹ کے حلقے کی جانب سے تعریفی اسناد پیش کیں۔ برطانوی پارلیمنٹ میں اعزاز حاصل کرنے پر منیب بٹ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کا دورہ ان کے لیے ایک یادگار اور متاثر کن تجربہ ثابت ہوا جس نے انہیں سیاست میں آنے کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیا۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں انہیں جس محبت، خلوص اور عزت سے نوازا گیا، وہ اس پر سب کے شکر گزار ہیں۔ منیب بٹ کے مطابق پاکستانی ڈرامے، فلمیں اور فنکار دنیا بھر میں اپنی پہچان بنا رہے ہیں جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی میں پاکستانی تفریحی مواد کو خصوصی طور پر پسند کیا جاتا ہے۔ اس سے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور فنکارانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کروانے میں مدد مل رہی ہے۔اداکارہ ایمن خان نے ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعزاز پر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ، دونوں جگہوں پر مداح انہیں بھرپور محبت دیتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان میں موجود ان کے مداح بھی اس کامیابی پر خوش ہوں گے۔ایمن خان نے پاکستان، کراچی اور لاہور سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے اور کراچی بھی محفوظ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو مزید بااختیار بنانے کے ساتھ حالات میں بہتری آئے گی۔ کراچی میں ان کا ذاتی تجربہ ہمیشہ اچھا رہا ہے اور وہ وہاں خود کو اتنا ہی آزاد محسوس کرتی ہیں جتنا لندن، لاہور اور اسلام آباد میں کرتی ہیں۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ پاکستان حقیقت میں اتنا برا نہیں جتنا بعض لوگ اسے پیش کرتے ہیں جبکہ حکومت اور ادارے بھی اچھا کام کر رہے ہیں۔تقریب کے منتظم عطا حق نے کہا کہ اس تقریب کا بنیادی مقصد ان پاکستانی فنکاروں کی کامیابیوں کو تسلیم کرنا تھا جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی تفریحی صنعت کو پہچان دلائی ہے۔انہوں نے ایمن خان اور منیب بٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں فنکاروں کی مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ڈرامے عالمی سطح پر بالخصوص برطانوی ایشیائی کمیونٹی میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔
ایمن اور منیب بٹ کی برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی اعزازات سے نوازا گیا

