راولپنڈی(نیوز ایجنسیاں)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں برادر ملکوں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور بدلتے ہوئے جیو پولیٹیکل حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں فریقین نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر بھی غور کیا۔ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لئے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطے، باہمی اعتماد اور قریبی آہنگ کو انتہائی اہم قرار دیا۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی موجودہ سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر قریبی تعاون دونوں ممالک کے مفاد اور علاقائی امن کے لیے ضروری ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی بھرپور تحسین کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کی شدید خواہش کا اعادہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے کے امن اور باہمی تعلقات کی بہتری کے لیے ایسے اعلی سطح کے رابطے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔دریں اثناء چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ واکر نے ملاقات کی جس میں فوجی تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کو جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون مزید بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور پاکستان اور برطانیہ کا دوطرفہ فوجی تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا جبکہ برطانوی چیف آف جنرل سٹاف نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔برطانوی فوج کے سربراہ جنرل چارلس رولینڈ نے علاقائی امن و استحکام کے لئے پاک افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور عسکری تعلقات مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔قبل ازیں ترک فضائیہ کے کمانڈر، جنرل رافت دالکران نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات اجاگر کیے اور پاکستان اور ترکی کی مسلح افواج کے مابین مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔معزز مہمان نے بھی دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا، پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
فیلڈ مارشل
