اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا ہے کہ کسی کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، بانی پی ٹی آئی کو علاج کیلئے سہولیات فراہم کی جانی چاہییں، انہیں اپنی صحت کے مطابق علاج کروانے کا حق ہے، علاج ایسا ہونا چاہیے جس سے وہ مطمئن ہوں۔ایک انٹرویو میں پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی بہتری کیلئے بات کی، صدر مملکت آصف زرداری مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ وقت ایک دوسرے کے ساتھ لڑنے کا نہیں، سب کو مل کر ملک کی بہتری کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کا طریقہ کار آئین میں درج ہے، سندھ اسمبلی نے اپنی قراردادوں میں کئی بار عوامی رائے کا اظہار کیا، ریفرنڈم ہو بھی جائے تو صوبے کس بنیاد پر بنیں، وسائل کی تقسیم کیسے ہو گی؟ 18 ویں ترمیم پر سب متفق ہونے کے باوجود مہینو ں بات چیت ہوتی رہی، کئی مہینوں کے بعد 18 ویں ترمیم کا مسودہ سامنے آیا تھا، نئے صوبوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے۔
پلوشہ خان
کسی کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے بانی پی ٹی آئی کو علاج کا حق ہے: پلوشہ خان

