اسلام آباد ( نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزارت پٹرولیم کو ہدایت کی ہے کہ موسم سرما میں گیس صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے جبکہ توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے مربوط رابطے بنائے جائیں۔ بدھ کے روز وزیراعظم سے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی،اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم نے وزارت کے جاری منصوبوں سے متعلق وزیراعظم محمد نواز شریف کو بریفنگ دی جس میں ان کو ایل این جی کی درآمد سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مختلف شعبوں کو ایندھن کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں جن سے توانائی کے منصوبوں کی تکمیل اور شعبوں کی ضروریات پوری ہونے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو ہدایت کی کہ موسم سرما کے دوران گیس صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے تاکہ ان کو بنیادی ضروریات پوری کرنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے وزیر پٹرولیم کو توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے مربوط رابطے بڑھانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ملک کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے توانائی کے جاری منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے تاکہ توانائی کے مسائل کا مکمل سد باب ہو سکے۔ قبل ازیں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں بتایاگیا ہے کہ 300 میگاواٹ بجلی کے منصوبے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں اور منصوبہ جلد شروع ہوگا، گوادر واٹرسپلائی منصوبہ ، ہسپتال، ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹس اورصوبائی ہیڈکوارٹرزمیںماس ٹرانزٹ ریلوے منصوبہ پربھی جے سی سی میں بات چیت ہوئی ¾چین نے سی پیک میں انڈس کیسکیڈ منصوبہ جات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا ہے وزیراعظم محمد نواز شریف نے سی پیک منصوبہ جات پرپیشرفت پرمجموعی طور پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب اقتصادی پالیسیوں کے باعث عالمی سرمایہ کاروں نے پاکستان کا رخ کرلیا ہے۔وہ بدھ کو یہاں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں انہیں پاک چین اقتصادی راہداری کی چھٹی مشترکہ تعاون کمیٹی میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا جو 29 دسمبرکو بیجنگ میں منعقد ہوئی تھی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد اوردیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 300 میگاواٹ بجلی کے منصوبے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں اور یہ منصوبہ جلد شروع ہوگا، گوادر واٹرسپلائی منصوبہ ، ہسپتال، ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹس اورصوبائی ہیڈکوارٹرزمیںماس ٹرانزٹ ریلوے منصوبہ پربھی جے سی سی میں بات چیت ہوئی۔انہیں مزید بتایا گیا کہ چین نے سی پیک میں انڈس کیسکیڈ منصوبہ جات کا جائزہ لینے پربھی اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کو سی پیک کے تحت 1.5ارب ڈالر مالیت کے مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے معاہدے پرمبارکباد دی اور اس پرعملدرآمد کےلئے سرگرمی سے پیروی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ماس ٹرانزٹ منصوبہ جات کو چاروں صوبوں میں شامل کرنے پر پاکستانی ٹیم کو بھی مبارکباد دی اوروزیر ریلوے کو ہدایت کی کہ وہ منصوبہ جات کی فزیبلٹیزکےلئے اپنی وزارت کی ٹیکنیکل ایڈوائس فراہم کرکے صوبوں کو سہولت دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہرکررہے ہیں جس سے ہماری کامیاب اقتصادی پالیسیوں اور سرمایہ کار دوست ماحول کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراتی رابطے کے منصوبہ جات سے پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں سرمایہ کاری آئے گی۔ وزیراعظم نے سی پیک منصوبہ جات پرپیشرفت پرمجموعی طور پر اطمینان کا اظہارکیا ۔ صنعتی پارکس کے قیام کے بارے میں وزیراعظم نے وفاقی حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ مقامات کو بجلی ، گیس اور ٹیلی مواصلات کی فراہمی کے عمل کا آغاز کریں۔ وزیراعظم نے اس امرکو سراہا کہ سی پیک منصوبہ جات میں صوبوں کی نمائندگی ہوئی اور یہ امر اہم ہے تاکہ ان منصوبہ جات کے فوائد وفاقی اکائیوں میں مساوی طور پر تقسیم ہوں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے سی پیک پر ہونےو الی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈیڈھ ارب ڈالر کی ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے پر اور اس کے شرکاءکو مبارکباد دی جس کے تحت لاہور اور مٹیاری کے درمیان ہائی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی۔ انہوں نے چاروں صوبوں کے لئے ماس ٹرانزٹ منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے پر بھی شرکاءکو مبارکباد دی اور کہا کہ وزارت ریلوے منصوبوں کے لئے صوبوں کو تکنیکی مشاورت فراہم کرے گی۔ انہوں نے صنعتی پارکس کو بجلی، گیس اور مواصلات کی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی تاکید کی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ سی پیک میں صوبوں کی نمائندگی خوش آئند اور اس میں صوبوں کا مساوی حصہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ مساوات کے بغیر کوئی ترقی بھی دیر پا ثابت نہیں ہو سکتی اس لئے اس عظیم منصوبے میں ہم تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہ یں تاکہ پاکستان کے کونے کونے میں ترقی کے سفر کے تحت خوشحالی ، امن اور ترقی کے تناور درخت سے عوام مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ ترقی ہماری اقتصادی پالیسی اور وژن کا نتیجہ ہے، پاکستان میں بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔ بعد ازاں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر محسن رانجھا کی وزیر اعظم پاکستان ، میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی ملاقات میں بیرسٹر محسن رانجھا نے ویزر اعظم میاں نواز شریف کو بلدیاتی انتخابات میں واضح کامیابی پر مبارکباد پیش کی وزیر اعظم نے اس موقع پر اپنے پارٹی منشور کے مطابق عوام کی فلاح اور خدمت کے عزم کو ظاہر کیا ۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں ترقیاتی منصوبوں ، صحت تعلیم اور معیشت کی بہتری کے لئے تمام پارلیمنٹیرینز کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
نوازشریف