اسلام آباد (ویب ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد کے ستارے گردش میں ، لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن نے ریجنل ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے اپنی دونوں ٹیموں میں ٹیسٹ بلے باز کو شامل کرنے سے انکار کر ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ریجنل کرکٹ ایسو سی ایشن نے 8جنوری سے شروع ہونیوالے پی سی بی ریجنل ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں احمد شہزاد کو اپنی ٹیموں میں شامل کرنے سے انکار کر دیا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کھیلے جانیوالے ٹورنامنٹ میں احمد شہزاد کو لاہور کی جانب سے ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پر اسلام آباد ریجن ٹیسٹ کرکٹرپرمہربان ہو گیا جس نے احمدشہزادکو ون ڈے ٹورنامنٹ کیلئے اپنے سکواڈ میں شامل کر لیا جہاں وہ ر یجنل ون ڈے ٹو رنامنٹ میں اسلام آباد کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر کھیلیں گے۔ ذرائع کے مطابق احمد شہزادکوحسن علی کی جگہ اسلام آباد کے سکواڈمیں شامل کیا گیا ہے جو قومی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہونے کے باعث آسٹریلیا روانہ ہو رہے ہیں۔ احمد شہزاد ڈومیسٹک ون ڈے اور ٹی 20 کپ میں لاہورکی دونوں ٹیموں کی نمائندگی کرتے رہے ہیں لیکن لاہور کی جانب سے انہیں اپنے سکواڈ میں شامل نہ کئے جانے پر مختلف حلقوں نے حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔ ریجنل ون ڈے ٹورنامنٹ 8جنوری سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں کھیلا جائیگاجس میں 8بہترین ریجن کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔