سڈنی (آئی این پی ) قومی ٹیم کے بلے بازاظہر علی کینگروزکے خلاف آسٹریلیا میں ایک ٹیسٹ سیریز کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ۔اظہر علی پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا میں ایک سیریز کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے محسن حسن خان کا تینتیس سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ضرور ہے مگر اظہر علی کا بلا کینگروز کے دیس میں رنز اگل رہا ہے یہی وجہ ہے کہ اظہر علی نے تینتیس سال بعد آسٹریلیا کے میدانوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا ہے انہوں نے یہ اعزاز سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں حاصل کیا۔مڈل آرڈر بلے باز کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی پانچ اننگز میں 395 رنز بنائے جس میں ایک ڈبل سینچری اور دو نصف سینچریاں شامل ہیں اس سے قبل یہ اعزاز محسن خان کے پاس تھا جنھوں نے انیس سو تیراسی کی سیریز میں تین سو نوے رنز اسکور کیے تھے۔