کراچی: اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ سیونگ اکاؤنٹس (بچت کھاتوں) پر منافع کی شرح یکم دسمبر تک 1.5 فیصد بڑھ کر کم از کم 7.25 فیصد ہوجائے گی۔
رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے یہ اعلان گزشتہ ہفتے پالیسی ریٹ کو 7.25 فیصد سے بڑھا کر 8.75 فیصد کرنے کے بعد سامنے آیا۔
مرکزی بینک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے صارفین سے یہ بھی کہا کہ اگر آپ کو بچت کھاتوں پر کم منافع ملتا ہے تو بینک میں شکایت درج کرائیں۔
بینک کی جانب سے عدم تعمیل کی صورت میں اسٹیٹ بینک نے صارفین سے کہا کہ وہ اس کی شکایتی ہیلپ ڈیسک سے رابطہ کریں۔
سیونگ اکاؤنٹ کھولنے کے لیے اسٹیٹ بینک نے صارفین کو مطلع کیا کہ وہ اپنی پسند کے بینک میں جائیں، جنوری 2022 سے بینکوں کے لیے یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ ریموٹ بائیومیٹرک تصدیق کے ساتھ اور کسی صارف کو بینک برانچ جانے کی ضرورت کے بغیر بینک اکاؤنٹس کو ڈیجیٹل طور پر کھولنے کا اختیار فراہم کریں۔
اسٹیٹ بینک نے یہ بھی واضح کیا کہ مہنگائی کی پیش گوئی موجودہ مالی سال کے لیے 5 سے 7 فیصد ہے نہ کہ 7 سے 9 فیصد تک جیسا کہ بعض میڈیا میں اس کی تشریح کی جارہی ہے۔