تازہ تر ین

امریکی سینیٹرز کی وزیراعظم سے ملاقات، خطے کے امن و استحکام پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینیٹ کی سلیکٹ کمیٹی برائے انٹیلی جنس کے ارکان کے وفد نے ملاقات کی جہاں افغانستان سمیت خطے اور عالمی امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق امریکی سینیٹ کے 4 رکنی وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، جن میں سینیٹر اینگس کنگ، سینیٹر رچرڈبر، سینیٹر جان کورنین اور بینجمن سیس شامل تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے افغانستان کے عوام کی فوری مدد کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا تاکہ انسانی بحران اور معاشی تباہی سے بچایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی سمیت دیگر سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون نہایت اہم ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے امریکی وفد پر زور دیا کہ وہ خطے کے امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم آفس نے بتایا کہ اگر بھارت کی جانب سے سازگار ماحول پیدا کیا گیا تو ہم اپنی طرف سے وہ اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں، جن سے خطے میں امن اور استحکام ہوگا۔

وزیراعظم نے امریکی سینیٹ کے وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھاتی کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے بتایا کہ آر ایس ایس کے انتہاپسند اور توسیع پسند نظریہ سے متاثر بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) سے خطے کے امن اور استحکام کو خطرہ ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق عالمی امن اور استحکام کے لیے پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاؤشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امریکی سینیٹرز نے حال ہی میں 15 اگست کو افغانستان سےامریکی شہریوں سمیت دیگر کے انخلا میں مدد پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔

امریکی سینیٹرز نے باہمی مضبوط اور وسیع تعلقات کے عزم کو دوہرایا اور زور دیا کہ آبادی کی تعداد اور خطے میں اسٹریٹجک اہمیت کے تحت تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔

قبل ازیں ترجمان دفترخارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے امریکی سینیٹ کے وفد کا استقبال کیا تھا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چاروں امریکی سینیٹرز سینیٹ کی سلیکٹ کمیٹی برائے انٹیلی جنس کے ارکان ہیں جبکہ سینیٹر کنگ آرمڈ سروسز کمیٹی کے بھی رکن ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain