متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے امریکا سے ایف 35 طیارے، مسلح ڈرونز اور دیگر آلات کی خریداری پر مشتمل 23 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے کے لیے مذاکرات معطل کردیے، یہ واشنگٹن اور کلیدی خلیجی اتحادی کے درمیان غیر معمولی تنازع ہے۔
واشنگٹن میں موجود متحدہ عرب امارت کے سفارتخانے کا کہنا ہے کہ وہ امریکا سے معاہدے سے متعلق بات چیت معطل کردیں گے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان دیگر معاملات کو منصوبے کے تحت آگے بڑھانے سے متعلق پینٹاگون میں رواں ہفتے مذاکرات ہوں گے۔
سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جدید دفاعی آلات کے لیے امریکا اب بھی یو اے ای کی اولین ترجیح ہے اور ایف-35 کے لیے مستقبل میں دوبارہ مذاکرات شروع ہونے کا امکان ہے۔
یو اے ای کو 50 ’ایف 35‘ کی مجوزہ فروخت کا معاملہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور کے اختتام میں اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کے بعد سامنے آیا تھا۔
بعد ازاں جو بائیڈن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد معاہدے کو مؤخر کردیا تھا کیونکہ یمن تنازع میں سعودی عرب اور یو اے ای کے کردار کے باعث ان پر تنقید کی جارہی تھی۔
مجوزہ معاہدے میں 18 جدید ڈرون سسٹمز اور فضائی و زمینی بارود کا پیکج بھی شامل ہیں۔
امارتی عہدیداران نے ایف 35 طیاروں کے استعمال سے متعلق اصرار اور پابندیوں پر امریکا کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خود مختاری کی خلاف ورزی ہے۔