عراق میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ آف عراق (ISIS) المعروف داعش تنظیم نے منگل کو رات گئے سوشل میڈیا پر چار افراد کے قتل کی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق داعش کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا گیا کہ تنظیم نے عراقی وزارت داخلہ کے ایک افسر کو اغوا کرنے کے چند روز بعد موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔
تنظیم نے ایک ویڈیو اور کچھ تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں بغداد میں الاعظمیہ سٹی کے ڈائریکٹر پاسپورٹس کرنل یاسر الجورانی کا گلا کاٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
داعشی عناصر نے دو ہفتے قبل کرنل الجورانی اور اس کے تین ساتھیوں کو دیالی صوبے کے علاقے خانقین میں خشکی پر شکار کے لیے جاتے وقت اغوا کیا تھا۔
ان میں سے دو افراد کو داعش نے قتل کر دیا تھا جبکہ تیسرے شخص کو عراقی فورسز نے ایک آپریشن کے ذریعے آزاد کرا لیا تھا۔ تاہم بعد ازاں یہ تیسرا شخص بھی فوت ہو گیا تھا۔
داعش کی جانب سے جاری ویڈیو میں کرنل الجورانی اپنے گھٹنوں پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں، جبکہ ان کے پیچھے ایک نقاب پوش مسلح شخص کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔ ان کے ایک جانب داعش کا پرچم موجود ہے۔