واشنگٹن: سال 2021 کی کرپٹ ترین شخصیات میں افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا نام بھی شامل ہے۔
منظم جرائم اور کرپشن سے متعلق رپورٹنگ کے گروپ آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ (او سی سی آر پی )نے کرپٹ پرسن آف دی ایئر کے لیے یورپی ملک بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کا انتخاب کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیلاروس کے صدر کا بحیثیت کرپٹ ترین شخصیت انتخاب صحافیوں اورا سکالرز کے ایک پینل نے متفقہ طور پر کیا۔
اس فہرست میں الیگزینڈر کے مدمقابل سابق افغان صدر اشرف غنی، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، شامی صدر بشارالاسد اور آسٹریا کے سابق چانسلر سیبستیان کرز کے نام بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے تھے اور ان پر الزام عائد کیا گیا تھاکہ ملک سے فرار کے وقت وہ پیسوں سے بھری 4 گاڑیاں اور ایک ہیلی کاپٹر ساتھ لے کر گئے۔