واشنگٹن(ویب ڈیسک)صدر باراک اوباما 10جنوری کو اپنا آخری خطاب کریں گے۔ وہ 20جنوری کو وائٹ ہاوس سے رخصت ہوجائیں گے۔ اس سے قبل صدر اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما کی جانب سے ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس دعوت میں ہالی وڈ کے بڑے ناموں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر اوباما اور مشیل اوباما کی جانب سے ایک الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں ہالی ووڈ کے چند بڑے ناموں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ان میں پال میک کارٹنی، گلوکارہ بیونسے، گلوکار اسٹیوی ونڈر، ڈیوڈ لیٹرمین، سیموئیل جیکسن، اوپرا ونفری، ڈائریکٹر جارج لوکاس، اداکار بریڈلے کووپر شامل ہیں۔وائٹ ہاﺅس کے پریس سکریٹری جوش ارنیسٹ نے اس پارٹی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاید یہ صدر اوباما کی جانب سے دی جانے والی آخری پارٹی ہو۔ اس طرح کی نجی پارٹیوں کے اخراجات صدر اوباما اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں۔دوسری جانب صدر اوباما 10جنوری کو اپنی الوداعی تقریر پیش کریں گے، جس میں وہ اپنے دور صدارت کے تجربات اور اپنے ساتھ کام کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرےں گے ۔