میلبورن (این این آئی)آئندہ سال کا پہلا گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 16 جنوری سے میلبورن میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے آئندہ ماہ شیڈول سال کے پہلے گرینڈسلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کی انعامی رقم میں خطیر اضافہ کر دیا گیا ہے، انعامی رقم بڑھاکر 36.25 ملین امریکی ڈالرز کردی گئی ہے جو کہ گزشتہ ایڈیشن کے برعکس 14 فیصد اضافہ ہے، مینز اینڈ ویمنز سنگلز ایونٹس کے فاتحین کو 3.7 ملین ڈالرز انعام ملے گا۔ ٹورنامنٹ آرگنائزرز کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس بار آسٹریلن اوپن کی انعامی رقم میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے، انعامی رقم بڑھا کر 36.25 ملین امریکی ڈالرز کردی گئی، اس طرح اب مینز اور ویمنز سنگلز کے فاتحین کو 3.7 ملین ڈالرز کی انعامی رقم حاصل ہو پائے گی جبکہ پہلے راو¿نڈ میں ناکام رہنے والا کھلاڑی بھی 50 ہزار ڈالر کا حقدار ہو گا۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کریگ ٹیلی نے کہا کہ انعامی رقم میں اضافے کا مقصد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اسلئے اس بار کوئی خالی ہاتھ نہیں جائے گا۔
