لاہور: (ویب ڈیسک) شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف 10 سال وزیراعلیٰ رہے، کاروبار کا بچوں سے کیسے پوچھیں ؟ رمضان شوگر ملز شہباز شریف نے بنائی، بچوں نے نہیں، شہباز شریف کو عدالت میں جواب دینا چاہیے۔
مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، انہوں نے جتنی درخواستیں دیں وہ مسترد ہوگئیں، شہباز شریف بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں پیش نہیں ہوئے، شوگر کمیشن کی تحقیقات میں رمضان شوگر ملز کے بے نامی اکاؤنٹس سامنے آئے، شہباز شریف پارٹی سربراہ ہیں، انہوں نے آج تک سوالوں کا جواب نہیں دیا، شہباز شریف کا مؤقف ہے کاروباری معاملات کا بچوں سے پوچھا جائے، شہباز شریف وزیراعلیٰ نہیں ہوتے تو ان کے کاروبار میں اضافہ نہیں ہوتا، شہباز شریف جب وزیراعلیٰ ہوتے ہیں ان کے کاروبار میں اضافہ ہوتا ہے۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا شریک ملزم مسرور انور ان کے مالی معاملات دیکھتا تھا، شہباز شریف قوم کو بتائیں ان کے اکاؤنٹس میں رقوم کہاں سے آئیں ؟ نواز شریف نے آج تک اپنی میڈیکل رپورٹس جمع نہیں کرائیں، عدالت شہباز شریف کو حکم کرسکتی ہے کہ نواز شریف کو واپس لائیں۔