نیویارک(ویب ڈیسک) امریکا کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے داماد جیرڈ کشنر کو وائٹ ہاوس کے سینئر مشیر کے طور پر نامزد کردیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے داماد کو وائٹ ہاو¿س کا سینئر مشیر بنانے کا اعلان کیا، جو ایک پراپرٹی ڈیولیپر اور پبلشر ہیں۔کشنر اپنے سسر کی انتخابی مہم میں پیش پیش تھے، اس کے علاوہ ان کا کوئی سیاسی کردار نہیں اور نہ ہی ان کے پاس کبھی کوئی سیاسی عہدہ رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق 35 سالہ کشنر وائٹ ہاو¿س کے چیف آف اسٹاف رینس پرائیبس اور چیف اسٹریٹجسٹ اسٹیو بینون کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔گذشتہ روز اپنے داماد کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا، ‘جیرڈ کشنر صدارتی انتخابی مہم کے دوران ایک شاندار اثاثہ اور قابل اعتماد مشیر رہے ہیں اور مجھے انھیں اپنی ٹیم میں بحیثیت کلیدی قائدانہ کردار شامل کرنے پر فخر ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا، ‘وہ کاروبار اور سیاست دونوں میں ناقابل یقین طور پر کامیاب ہیں اور میری ٹیم کے ایک انمول رکن بن جائیں گے، جیسا کہ میں نے سب سے پہلے امریکی عوام کے ایک ایجنڈے کا آغاز کر رکھا ہے’۔دوسری جانب وائٹ ہاو¿س کے چیف آف اسٹاف رینس پرائیبس نے کشنر کو ایک ایسا شخص قرار دیا جس میں بات چیت کرنے کی غیر معمولی بصیرت ہے اور جو تعاون پر مبنی وسیع اتحاد کو جمع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے’۔انھوں نے مزید کہا کہ کشنر کی ‘کھلی ذہنیت، ملائمیت اور گہری عقل’ ان کی ٹیم کے لیے ایک ‘عظیم اثاثہ’ ثابت ہوگی۔دوسری جانب کشنر نے اس نامزدگی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔