راملہ: (ویب ڈیسک) غیرقانونی یہودی بستیوں کے خلاف مظاہرہ کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر صہیونی فورسز نے شیلنگ اور فائرنگ کر دی جس سے 82 افراد زخمی ہو گئے۔ الجزائر اور فلسطینی اتھارٹی نے افریقی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کا مبصر کا سٹیٹس ختم کیا جائے۔
اسرائیلی مظالم کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کی بجائے نہتے فلسطینی پھر سڑکوں پر نکل آئے، فلسطینیوں نے مغربی کنارے کے مختلف قصبوں میں اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں کے خلاف مظاہرے کئے، سفاک صہیونی فورسز نے مظاہرین پر دھاوا بو ل دیا، آنسو گیس کے گولوں کی برسات کر دی، نہتے فلسطینیوں پر ربڑچڑھی گولیوں بھی برسائیں جن سے درجنوں مظاہرین زخمی ہو گئے۔
اسرائیلیوں کے جان لیوا ہتھیار فلسطینیوں کا جذبہ پست نہ کرسکے،فلسطینی نوجوانوں نے پتھر اور غلیلوں سے حملہ آوروں کو جواب دیا۔
افریقن یونین نے فلسطینیوں کے قاتل اسرائیل کو مبصر کی حیثیت دے دی جس پر فلسطینی وزیر اعظم اور الجزائر کے وزیر خارجہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا، دونوں جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فلسطینیوں پر ظلم و ستم روا رکھنے والے ملک کو مبصر قرار دے کر نوازنا انسانیت کے ساتھ مذاق ہے۔