لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینٹرل ایگزیکٹو اجلاس میں حکومت کیخلاف تمام فیصلوں کا اختیار نواز شریف کو دیدیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پارٹی قائد نواز شریف نے لندن سے اور پارٹی صدر شہبازشریف نےلاہور سے کی۔ ورچوئل اجلاس میں ن لیگ کی سینئر قیادت، مرکزی عہدیدار اور صوبائی پارٹی صدور نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تمام فیصلوں کا اختیار نواز شریف کو دے دیا گیا۔ شرکا نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور نااہل حکومت کے خلاف تمام آئینی سیاسی فیصلوں کا اختیار نواز شریف کو دیدیا۔
مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے ن لیگ صدر شہباز شریف کو تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا میںنڈنٹ دے دیا۔
اجلاس کے دوران شہباز شریف کو مینڈیٹ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوام دشمن حکومت کے خلاف عوامی۔ سیاسی اور جمہوری اقدامات کے لئے تمام جماعتوں سے رابطے کریں۔
اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لکھا کہ عوام کی حالت زار اور حکومت کی نااہلی اور ہر میدان میں ناکامی کو سامنے رکھتے ہوئے پارٹی میں اتفاق رائے ہے عمران خان کی حکومت کو جانا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ہر وہ روز جس دن پی ٹی آئی حکومت کو رہنے دیا جائے گا اس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ کسی ایک رکن نے بھی اختلاف نہیں کیا۔
ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ کے سی ای سی اجلاس میں تمام اراکین نے نواز شریف پر مکمل اور غیر مشروط اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ان کی طرف سے لیے گئے تمام فیصلوں کی حمایت کرے گی۔