راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نگرپارکر کا دورہ کیا، پورادن جوانوں کے ساتھ گزارا، سپہ سالار کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہندو کمیونٹی کے افراد سے بھی ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو نگر پارکر کے دورہ پر لوکل کمانڈر نے فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی، کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ بھی ہمراہ تھے، سپہ سالار نے افسروں اور جوانوں کے بلند مورال کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اپنی پیشہ ورانہ تیاروں پر توجہ موکوز رکھیں، کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنج کے موثر جواب کے لئے بھرپور تربیت جاری رکھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مقامی ہندو کمیونٹی کے لوگوں سے بھی ملاقات کی ، ہندو کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں برابر کے شہری ہیں، یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اقلیتوں کی حفاظت کرے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہندو کمیونٹی نے ملک میں اقلیتوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہندو کمیونٹی پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔