کراچی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے شان مسعود کا کہنا ہے کہ اتار چڑھاؤ کھیل کا حصہ ہے، جتنا جلد اسے سمجھیں اتنا ہی بہتر ہوگا۔ ناکامی بُری چیز نہیں ہے، اس سے آپ بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ کیریئر میں جب بھی مشکل وقت آیا ہے اس سے نہیں گھبرایا بلکہ سیکھنے کی کوشش کی ہے۔
غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ جہاں بھی کرکٹ، جس فارمیٹ میں بھی کھیلنے کو مل رہی ہے، کھیل رہا ہوں تاکہ جب میں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں جاؤں تو میری کارکردگی میں مستقل مزاجی نظر آئے۔ ان باتوں پر زیادہ دھیان نہیں دیتا کہ میں صرف ٹیسٹ کا بیٹسمین ہوں۔ میرا اپنا یقین یہ ہے کہ میں تینوں فارمیٹس کھیل سکتا ہوں۔ آپ کا جو یقین ہوتا ہے وہی سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ ہر بیٹسمین کا اپنا سٹائل ہوتا ہے ۔ ہمیں دور دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اگر میں اپنے اردگرد نظر ڈالوں تو بابر اعظم اور محمد رضوان کی شکل میں دو ایسے بیٹسمین ہیں جو تینوں فارمیٹس میں ایک ہی سٹائل میں کھیلتے ہیں۔