اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ میں پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن کے ایم ڈی نے ادارے کو درپیش مسائل کے انبار لگاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پرنٹنگ کارپوریشن 2018کے آئندہ عام انتخابات میں مقررہ مدت کے اندر مطلوبہ20کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، کارپوریشن20دنوں میں صرف پانچ کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپ سکتی ہے کل 32پرنٹنگ مشینیں ہیں جن میں سے 17کی حالت ناگفتہ بہ ہے،2013 کے انتخابات میں بھی باہر سے بیلٹ پیپرز چھپوانے پر تنقید ہوتی ہے،آپریشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ حکومت وسائل فراہم کرے تو تمام مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔ کمیٹی نے پرنٹنگ مشینوں کی خریداری کیلئے پرنٹنگ کارپوریشن کو مطلوبہ فنڈز فوری فراہم کرنے اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی،چیئرمین کمیٹی رانا حیات نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی سے عدلیہ اور دھرنوں کا وقت بھی بچ جائے گا، جمعہ کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد حیات کی زیرصدارت یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ایم ڈی پرنٹنگ کارپوریشن طلعت الطاف نے کمیٹی کو پرنٹنگ کارپوریشن کی جانب سے آئندہ الیکشن کے حوالے سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی بارے تیاریوں پر بریفنگ دی۔انہوں نے کہاکہ 2018کے انتخابات میں20کروڑ بیلٹ پیپرز کی ضرورت ہوگی،یہ بیلٹ پیپرز20روز کے اندر چھاپنے ہونگے جبکہ پرنٹنگ کارپوریشن 20دنوں میں 20کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے کی صلاحیت نہیں رکھتی،کارپوریشن صرف5کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپ سکتے ہیں،پرنٹنگ کارپوریشن کے پاس صرف32پرنٹنگ مشینیں ہیں،ان مشینوں میں سے 17مشینیں 40سال سے زائد پرانی ہیں،جو تسلی بخش کام نہیں کرسکتیں،بروقت بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے اگر سرکاری چھاپہ خانوں سے مدد لیناپڑتی ہے گذشتہ عام انتخابات میں دیگر پرنٹنگ پریسوں سے بلیٹ پیپرز چھپوائے توہمارے اوپر اعتراضات اٹھائے گئے،انہوں نے کہا کہ۔کارپوریشن کا مجموعی خسارہ 2 ارب 48 کروڑ سے تجاوز کا چکا ہے، پرنٹنگ کارپوریشن میں 428 آسامیاں بھی ابھی تک خالی پڑی ہیں،2018 کے عام انتخابات کیلئے 16 نئی جدید پرنٹنگ مشینوں کی اشد ضرورت ہے، مشینیوں کی خریداری کیلئے 86 کروڑ 40 لاکھ روپے درکار ہیں،اگر فنڈز فراہم نہیں کیے جا سکتے تو اردو بازار لاہور کی 16 کنال اراضی فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔ پرنٹنگ کارپوریشن کی اردو بازار کی اراضی بیچنے سے کم از کم 2 ارب روپے حاصل ہوں گے، 2018کے عام انتخابات سے 2 ارب 70 کروڑ کا ریونیو حاصل ہو گا۔
