شیخوپورہ: (ویب ڈیسک) کورونا کیسز میں کمی ہوئی تو گراونڈ بھی آباد ہونا شروع ہو گئے، شیخوپورہ میں سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات کے اسپورٹس گالا کا آغاز ہوگیا۔
سپورٹس گالا کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز کرکٹ سٹیڈیم میں پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا۔ مقابلوں میں شامل طلباء و طالبات نے گراونڈ میں مارچ پاسٹ کیا۔
پنجاب کے صوبائی وزراء میاں خالد محمود ، ڈاکٹر اختر ملک اور ڈپٹی کمشنر رانا شکیل اسلم نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کورونا وباء میں کمی کے بعد سپورٹس گالا کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
تین روز تک جاری رہنے والے سپورٹس گالا میں دوڑ، رسہ کشی، کرکٹ، فٹبال سمعیت دیگر کھیلوں کے مقابلے ہونگے اور کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو پنجاب لیول پر کھیلنے کا موقع مل سکے گا۔