تازہ تر ین

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ فرد جرم کے لیے 25 مارچ کو طلب

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کے لیے 25 مارچ کو طلب عدالت طلب کرلیا گیا۔
ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 25 مارچ کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا، عدالت نے عدالتی دائرہ اختیار پر وکلاء کو آئندہ دلائل دینے کی ہدایت کردی۔
اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں شوگر کےکاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیش ہوئے۔
شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ بینک ملازمین کے بیانات کی کاپیاں ہمیں فراہم نہیں کی گئیں، قانون کے مطابق بینک ملازمین کے بیانات کی کاپیاں ہمیں فراہم کرنی چاہئیں، بیانات کی کاپیاں نہ دینے سے فئیر ٹرائل کا تصور ختم ہو جائے گا، تفتیش کے دوران کچھ افراد کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو بیانات ریکارڈ کروائے لیکن پراسکیوشن نے ان افراد کے بیانات کی کاپیاں فراہم نہیں کیں۔
ایف آئی اے نے کہا کہ جن افراد کے بیانات ریکارڈ ہوئے وہ ہمارے گواہ نہیں ہیں جس پر وکیل نے کہا کہ اگر گواہ نہ بھی ہوں تب بھی بیانات کی کاپیاں فراہم کرنا ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے، قانون کے مطابق اس وقت تک ٹرائل نہیں ہوسکتا جب تک ملزمان کو تمام مٹیریل فراہم نہ کر دیا جائے۔
ایف آئی اے وکیل نے کہا کہ یہ آج عدالت کا وقت ضائع کررہے ہیں، ملزمان کو تمام ضروری دستاویزات فراہم کرچکے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے ایف آئی اے کو بیانات کی کاپیاں فراہم کرنے کی درخواست پر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ایف آئی اے کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی درخواست مسترد کردی اور ایف آئی اے کو تین روز میں بینک ملازمین کے بیان کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain