اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نریندرمودی کو پیغام دیتا ہوں ابھی تو ابھی نندن کی چائے ٹھنڈی نہیں ہوئی تو اور طلب ہوگئی، بھارت نے بڑا خطرناک کھیل کھیلا ہے، ہم خطے میں امن چاہتے ہیں، بھارت ہمارے صبر کو نہ آزمائے۔
پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں میزائل گرنے کے بعد پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے گزشتہ روز ایئر فورس کے افسر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ میاں چنوں میں کیا ہوا؟ بھارت کو وضاحت دینا ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ 9 مارچ کو 6 بج کر 33 منٹ پر بھارتی حدود سے ایک شے نے ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
اسی دوران ایئر فورس کے افسر نے بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک فضائیہ نے اس مشکوک ’شے‘ کی مکمل نگرانی کی اور اسے گرایا۔
اسی تناظر میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کل بھارت نے ایک اورحرکت کی ہے، بھارتی حرکت سے سعودی عرب، قطر، پی آئی اے کے جہاز متاثر ہوسکتے تھے، بھارت نے بڑا خطرناک کھیل کھیلا ہے، ہم خطے میں امن چاہتے ہیں، بھارت ہمارے صبر کو نہ آزمائے، بھارت کی اس حرکت سے آکسڈینٹل وار کا خطرہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت کی اس حرکت کا نوٹس لے، نریندرمودی سن لو آج پاکستان کا وزیراعظم ساڑھیاں دینے والا نہیں عمران خان ہے۔