اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور نے کہا ہے کہ پارٹی نے وزیراعظم کی دھمکی کو سنجیدہ لیا ہے، یہی بات مشرف نے بے نظیر بھٹو کو کہی تھی جس کے بعد و ہ شہید ہو گئیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کی دھمکی کو سیاسی استعارے کے طو رپر نہیں لیا، یہ سنجیدہ اور جان سے مارنے کی دھمکی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ بس کریں بہت ہو گیا، کیا کسی کو جان سے مارنے کی دھمکی دیں اور دوسرے خاموش رہیں؟
انہوں نے کہا کہ دھمکی کے معاملے پر ہماری قانون ٹیم دیکھ ر ہی ہے۔ اگر وزیراعظم اور وزیرداخلہ دھمکیاں دے رہے ہوں تو ہم کیا توقع کر سکتے ہیں۔
چودھری منظور نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس نمبر پورے ہیں توا بھی اجلاس بلائیں، تحریک انصاف جلد تاش کے پتوں کی طرح بکھر جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے اسمبلی کے باہر 10 بندے لے کر آئیں تو ہم 100 لے کر آئیں گے،انہوں نے پہلے پارلیمنٹ کو پھر الیکشن کمیشن کو روندھ دیا،انہوں نے اپنے لوگوں کو بھی نہیں چھوڑا ،کیا صرف آپ پارسا ہیں؟