لاہور: (ویب ڈیسک) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے رانا ثناءاللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر وکلا کو دلائل کے لیے پابند کر دیا۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کے خلاف 15 کلو منشیات برآمدگی کیس پر سماعت ہوئی۔ عدالت میں رانا ثناء اللہ کے وکیل فرہاد علی شاہ پیش ہوئے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رانا ثنا اللہ ممبر قومی اسمبلی ہیں تحریک عدم اعتماد کے باعث وہ اسلام آباد میں مصروف ہیں، لہٰذا رانا ثنا اللہ اور شریک ملزم کی ایک روزہ حاضری معافی منظور کی جائے۔ عدالت نے رانا ثناءاللہ کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی
عدالت نے شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر وکلاء کو اگلی سماعت پر بحث کے لیے پابند کر دیا۔ پراسیکیوشن نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دو سال سے رانا ثناءاللہ پر فرد جرم عائد نہیں ہوسکی، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ آپ پہلے بریت کی درخواستوں پر بحث کریں پھر فرد جرم بھی عائد کریں گے۔ عدالت نے سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔