غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ فلسطین کے دو مختلف علاقوں میں فائرنگ کرکے کم عمر نوجوان سمیت 3 افراد کو شہید کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے علاقے ویسٹ بینک اور ناقاب میں قابض فورسز نے فائرنگ کرکے تین فلسطینیوں کو موت کے گھاٹ اتارا اور کئی افراد کو زخمی بھی کیا۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ 17 سالہ نادر ریان ہاتھ، سینے اور سر میں گولی لگنے کے باعث جاں بحق ہوا۔
دوسری جانب اسرائیلی سرحدی فورسز نے الزام عائد کیا ہے کہ نادر نے پہلے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور پھر جوابی کارروائی میں اس کی موت ہوئی۔ علاوہ ازیں فورسز نے باتالا کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کی اور عرافات نامی مطلوب فلسطینی کو گرفتار کیا۔ قابض فوج کا کہنا ہے کہ ہم کئی ماہ سے مذکورہ ’ملزم‘ کی تلاش میں تھے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی فلسطین میں ریاستی دہشت گردی برقرار ہے، آئے روز نام نہاد آپریشن کی آڑ میں معصوم اور نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔