لاہور: (ویب ڈیسک) انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے ’ہیومن رائٹس واچ’ نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر چلے اور عدم اعتماد کی تحریک پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے۔
عالمی ادارے ’ہیومن رائٹس واچ‘ کی ایشیاءکے لیے ایسویسی ایٹ ڈائریکٹر پیٹریشیا گوسمین نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں ممکنہ طور پر تشدد پر مبنی تصادم کے لیے اسٹیج تیار ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر چلے اور عدم اعتماد کی تحریک پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جمہوری عمل کو سبوتاژ نہ کریں ،حکومت اور اپوزیشن اپنے حامیوں سے کہیں کہ اشتعال یا کسی مجرمانہ اقدامات سے ووٹ کو مجروح نہ کریں۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ق) کے رہنما وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ حکومت ارکان قومی اسمبلی کو آج بھی دھمکیاں دے رہی ہے مگر ارکان اسمبلی کو اس طرح ووٹ دینے سے روکا نہیں جا سکتا۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی۔