راولپنڈی(اے این این) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کو اپنا دفاع سمجھتا ہے اورپاک فوج حرمین شریفین کے دفاع کےلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آ ئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق نے جی ایچ کیومیں ملاقات کی جس میں دفاع اورفوجی تربیت میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ کیا گیا۔ ملاقات میں تربیت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی سے نبرد آزما ہونے کے لیے تربیت کا عمل جاری رہتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف سعودی عرب کے دفاع کو اپنا دفاع سمجھتی ہے بلکہ اس کے دفاع کو برابرکی سطح پراہمیت دیتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج حرمین شریفین کا دفاع اسی طرح کرے گی جیسے وہ پاکستان کا دفاع کر رہی ہے۔جنرل قمر باجوہ نے سعودی سفیر سے ایک ایسے وقت میں ملاقات کی ہے جب گذشتہ دنوں سابق آرمی چیف راحیل شریف کو سعودی عرب کے 39 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کا سربراہ بنائے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔