لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )سرکاری ہسپتالوں میں جعلی سٹنٹس کے خوف ناک سکنڈل کے بعد پنجاب انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی میں دل کے مریضوں کا رش بڑھ گیا ،موجودہ وسائل سے 70 فیصد اضافہ کے بعد دیگر سرکاری ہسپتالوں سے خوف زدہ مریضوں نے دل کی بیماریوں کے مخصوص ہسپتال کا رخ کر لیا ہے ،وسائل کی کمی کے باوجود انتظامیہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کیلئے ایمرجنسی اور ضروری ادویات کی تعداد کو بڑھا دیا گیا ،میو ہسپتال سٹنٹس سکنڈل کی انکوائری کا دائرہ کار بھی بڑھا دیا گیا ،کئی سینئر ڈاکٹر اور پرائیویٹ کمپنیوں کو تفتیش میں شامل کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق گذشتہ چند روز سے دل کے مریضوں کے ساتھ ہونے والے سنگین مذاق میں انہیں جعلی سٹنٹ انتہائی مہنگے کرکے فروخت کرنے کے واقعات میں میو ہسپتال سمیت دیگر سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں سے خوف زدہ ہو کر عارض قلب میں مبتلا افرادنے دل کے علاج کیلئے مختص پنجاب انسٹٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ترجیح دینی شروع کردی اور گذشتہ چندروز کے دوران میو ہسپتال ،سروسز ہسپتال ،جناح ہسپتال ،سرگنگا رام ہسپتال سمیت ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کے قریب رہائشی افراد کی جانب سے اپنی بیماریوں کو قریبی ہسپتالوں کی بجائے عارض قلب کے ہسپتال کا رخ کررکھا ہے جس کے باعث پنجاب انسٹٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں عام روٹین سے بڑھ کر رش ہو گیا ہے جبکہ موجودہ گنجائش سے 70 فیصد اضافی مریضوں کو کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کیلئے انتظامات کا دائرہ کار بڑھا کر ضروری ادویات اور عملہ کو تعینات کر رکھا ہے تاکہ کسی بھی مریض کو پریشانی نہ ہوسکے ۔