کراچی: (ویب ڈیسک) دورہ یورپ کے لیے پاکستانی ہاکی ٹیم کے 20 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کرلیا گیا ہے، عمر بھٹہ ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دینگے۔
دورہ یورپ کے لیے ٹیم کا باقاعدہ اعلان ہاکی فیڈریشن جمعرات کو کرے گی جبکہ قومی ٹیم کی جمعے کی صبح 3 بجے ایمسٹرڈم روانگی طے ہے۔
ذرائع کے مطابق دورہ یورپ کے لیے منتخب کردہ کھلاڑیوں میں اکمل، عبداللہ ( گول کیپرز )، مبشر، عماد بٹ، عبداللہ، ارباز، محمد رضوان، حماد انجم (ڈیفنںدرز)، کپتان عمر بھٹہ، علی شان، غضنفر، معید شکیل، منان، جنید منِظور، رومان خان، ابوبکر، رانا وحید، سلمان، حنان شاہد، اعجاز (مڈفیلڈرز) شامل ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ سیگفرائیڈ ایکمین ہیڈکوچ، خواجہ جنید مینجر، وسیم احمد معاون کوچ، ویڈیو اینالسٹ ندیم لودھی پر مشتمل ہیں جبکہ لوکل فزیو اسکواڈ کے ہمراہ جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم پہلے مرحلے میں ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم پہنچے گی جہاں تین روز پریکٹس کے بعد 26 اپریل کو ہالینڈ کے ساتھ پہلا میچ کھیلے گی، دوسرا میچ 27 اپریل کو طے ہے۔ 28 اپریل کو بیلجیم روانگی کے بعد 29 اپریل کو میچ شیڈول ہے، اسپین کے ساتھ تین میچ دورے میں شامل ہیں، جو 2، 3 اور 4 مئی کو کھیلے جائیں گے۔