ہالی ووڈ کی سپر اسٹار انجلینا جولی روسی حملے کے متاثرین کی مدد اور ان سے اظہار یکجہتی کے لیے یوکرین پہنچ گئیں جہاں انہوں نے جنگ زدہ علاقوں میں کام کرنے والے رضاکاروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انجلینا جولی معروف اداکارہ وفلم ساز ہونے کے علاوہ اقوامِ متحدہ(یو این) کی خصوصی مندوب برائے مہاجرین بھی ہیں، وہ یوکرینی شہر لیویو کے دورے کے موقع پر پناہ گزینوں سے ملیں اور ان میں کھانا تقسیم کیا۔ اداکارہ نے بیکری اور کیفے کا بھی دورہ کیا جہاں جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے شہری موجود تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ انجلینا کو وہاں دیکھ کر مداح حیران رہ گئے، کئی پرستاروں نے اداکارہ کے ساتھ سیلفی بنوائی، اس موقع پر انہوں نے یوکرینیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
اداکارہ نے اقوام متحدہ کے رضاکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے انسانیت کے جذبے کو سراہا۔ انجلینا نے رہائشی اسکول کا دورہ کیا اور طالب علموں سے شفقت سے پیش آئیں اور یقین دلایا کہ وہ دوبارہ بھی اسکول آئیں گی۔