تازہ تر ین

نیب کی زیرو ٹالرنس پالیسی, کرپشن کا خاتمہ

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کی ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کی کوششوں کا اعتراف پلڈاٹ اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کیا ہے،بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے،نیب ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کے لاہور علاقائی بیورو کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ نیب کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کو نیب لاہور علاقائی بیورو کی 2016ءکی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ذمہ داری سونپی کی گئی تھی۔ ٹیم نے 24اور25 جنوری کو سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا تاکہ چیئرمین نیب کی طرف سے نئے شروع کئے گئے مقداری گریڈنگ سسٹم کی بنیاد پر راولپنڈی بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ واضح رہے کہ قمر زمان چوہدری نے چیئرمین نیب کا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد جہاں نیب میں بہت ساری اصلاحات متعارف کرائیں وہاں انہوں نے نیب کے تمام علاقائی دفاتر اور نیب ہیڈ کوارٹر کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے معیاری گریڈنگ کا نظام وضع کیا۔ چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم کو نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اس نظام کے تحت نیب کے تمام بیوروز کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے رواں سال اب تک نیب کے کراچی ، سکھر اور راولپنڈی بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا چکا ہے چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم نے نیب لاہور بیورو کی سال 2016ءکی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انسپکشن سے متعلق چیئرمین نیب کو بریفنگ دی اور لاہور بیورو کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کیا تاکہ مستقبل میں ان خامیوں پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر معیاری گریڈنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے‘ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے‘ بدعنوانی سے نہ صرف ترقی کا عمل بلکہ قانون کی حکمرانی داﺅ پر لگ جاتی ہے‘ اس سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ نیب لاہور نے 2016ءکے دوران649 میں سے 541 شکایات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا ہے۔ 341 انکوائریوں میں سے 212 کو مکمل کیا گیا ہے جبکہ 211 انوسٹی گیشن میں سے 119 انوسٹی گیشن مکمل کی گئیں۔ نیب لاہور نے 125 بدعنوان افراد کو گرفتار کیا اور بدعنوانی کے 103 ریفرنس عدالتوں میں دائر کئے جبکہ سزا کی شرح89 فیصد رہی۔ نیب لاہورنے2016ءکے دوران بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 2035.456 ملین روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے، قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کی ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کی کوششوں کا اعتراف پلڈاٹ اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کیا ہے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ 2015ءمیں پاکستان بدعنوانی پرسپشن انڈیکس میں 126ویں سے 117ویں نمبر پر آگیا ہے ۔ جو کہ ہماری کامیاب قومی انسداد بد عنوانی حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain