ممبئی(جنگ ڈیسک) ایسے وقت میں جب بولی وڈ اداکار ہولی وڈ میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں، اسٹار شاہ رخ خان کچھ الگ سوچ رہے ہیں، وہ ایک ایسی فلم بنانا چاہتے ہیں جسے دنیا بھر میں پسند کیا جائے۔ شاہ رخ خان نے اے این آئی کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ میرا ایک چھوٹا سا خواب ہے اور وہ خواب یہ ہے کہ بھارت میں ایک ایسی فلم بناوں جسے دنیا بھر میں بھی اتنا ہی پسند کیا جائے جتنی وہ بھارت میں کامیاب ترین ہو۔ چاہے میں پروڈیوسر، اداکار، لائٹ بوائے، اسپاٹ بوائے یا کیمرہ مین کے طور پر کام کروں ،میں صرف بھارت میں ایک ایسی فلم بنانا چاہتا ہوں۔جب ہولی وڈ میں پریانکا چوپڑا اور دیپکا پاڈوکون کے کیریئر کے حوالے سے سوال کیا گیا تو 51 سالہ اداکار نے کہا کہ دیپکا پاڈوکون اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ میری پوری حمایت ہے،میرے خیال میں انہوں جو کیا وہ بہت زبردست ہے، انہوں نے ایسے فنکارجو ہولی وڈ میں کام کرنا چاہتے ہیں ایک راہ متعین کردی ہے۔کنگ خان بدھ کے روز نواز الدین صدیقی کے ہمراہ این سی آر میں فلم رئیس کی تشہیر کررہے تھے۔ راہل ڈھولکیا کی ڈائریکٹ کردہ فلم رئیس جس میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بھی کاسٹ ہیں،25 جنوری کو ریلیز کردی گئی ہے۔
