واشنگٹن: (ویب ڈیسک) مشہور کورین بینڈ بی ٹی ایس کے اراکین نے وائٹ ہاؤس میں منعقد ایک تقریب میں شرکت کی ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورین بینڈ بی ٹی ایس سے اپنی ملاقات کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
انہوں نے کورین بینڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ’کورین بینڈ بی ٹی ایس سے ملاقات کرنا اچھا لگا‘صدر نے اپنے ٹوئٹ میں بی ٹی ایس کا ایشیائی مخالف نفرت انگیز جرائم اور امتیازی سلوک میں اضافے سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔
اس ملاقات میں امریکی صدر اور کورین پاپ بینڈ کے درمیان ایشیائی باشندوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم اور امتیازی سلوک کی روک تھام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جو بائیڈن نے ٹوئٹر صارفین سے وعدہ کیا کہ وہ جلد ہی بی ٹی ایس سے ہونے والی اپنی ملاقات کی مزید تفصیلات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کریں گے۔
یاد رہے کہ کورین موسیقی کے مشہور بینڈ بی ٹی ایس کے اراکین کو امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں منعقد ایک تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔