اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو ڈاکٹروں نے سفر کرنے سے منع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اب جلد وطن واپس نہیں آئیں گے کیونکہ انہیں ڈاکٹروں نے سفر کرنے سے روک دیا ہے۔ سابق صدر کی طبیعت انتہائی ناساز ہے اور انہوں نے پاکستان منتقل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر انہیں پاکستان لانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکومت سابق صدر کو بوئنگ 777 فراہم کرنے کی تیاری کر رہی ہے تاہم سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کا جلد وطن واپسی کا کوئی منصوبہ نہیں کیوںکہ ڈاکٹروں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ فضائی سفر سے اجتناب کریں۔
دوسری جانب یو اے ای کی حکومت انہیں پاکستان منتقل کرنے کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کرنے کو تیار ہے اور بوئنگ 777 طیارے کو ایئر ایمبولینس کے طور پر استعمال کیا جائے گا جس میں تمام آلات اور سہولیات ہوں گی۔
پرویز مشرف کے پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز کے مطابق پرویز مشرف وطن واپس آنا چاہتے ہیں لیکن ڈاکٹروں کی رائے آڑے آ گئی ہے۔
واضح رہے کہ پرویز مشرف طبیعت کی ناسازی کے باعث دبئی کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔