کراچی: (ویب ڈیسک) روپے کی گرتی قدر کے دوران امریکی ڈالر نے نئے ریکارڈ قائم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، انٹربینک میں امریکی کرنسی 211.48 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روزکے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید ایک روپیہ 52 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 209 روپے 96 پیسے سے بڑھ کر 211 روپے 48 پیسے ہو گئی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت ختم ہونے اور مسلم لیگ ن کی مخلوط آنے کے بعد دوماہ میں انٹربینک میں ڈالر 28 روپے 55 پیسے مہنگا ہوا۔ ڈالر مہنگا ہونے سے بیرونی قرضے 3600 ارب روپے بڑھ گئے ہیں۔
اُدھر اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالرکی قیمت میں ایک روپیہ 50 پیسے کی بڑھوتری دیکھی گئی اور قیمت 215 روپے 50 پیسے پر پہنچ گئی، دو ماہ میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 روپے 50 پیسے مہنگا ہوا۔
