اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد گھی 150،100 روپے سستا ہو جائے گا۔حکومت نے معیشت کو قابو میں کر لیا ہے، جلد ہی آئی ایم ایف سے مذاکرات کریں گے جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
پریس کانفرنس کرتےہوئے انہوں نے ملک میں تیل کی قیمتوں کے حوالے سے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمت 130 ڈالر تک چلی گئی تھی اب 100 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے جو خوش آئند بات ہے۔ بین الاقوامی سطح پر گھی کی قیمتیں 1700 ڈالر فی ٹن پر پہنچ گئی تھیں لیکن اب واپس 1000 ڈالر پر آ گئی ہیں۔ بہت جلد 100، ڈیڑھ سو روپے گھی سستا ہو جائے گا۔ دنیا بھر میں گندم کی قیمت کم ہوئی ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی میں گندم کے نئے ٹینڈر رکھے ہیں۔ اب آٹے کی قیمت میں بھی کمی آئے گی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ معاشی طور پر استحکام کی طرف چلے گئے ہیں اور آئی ایم ایف سے معاملہ جلد طے ہو جائے گا لہٰذا معیشت کنٹرول میں ہے افواہوں پر کان نے دھریں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانا ہماری معاشی مجبوریاں تھیں لیکن اب عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر ہوگئی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان بہت زیادہ کرنٹ دیفیسٹ چھوڑ کر گئے، عمران خان روس سے کم از کم 100 لٹر تیل ہی خرید لیتے، گزشتہ نالائق حکومت کی بری پالیسیوں کا ہمیں خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔
