اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری ملک کے لئے ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے جس پر صوبائی قیادتوں کی مشاورت سے پیشرفت جاری ہے ۔ کسی صوبے یا قومیت کی حق تلفی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وزیر اعظم سیاسی قیادت کو سی پیک پیشرفت پر اعتماد میں لیں گے اور ترقی ملک کا مقدر بنے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز ذرائع ابلاغ کو جاری کئے جانے والے ایک بیان میں کیا ۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک قومی ترقی و خوشحالی کے لئے آب زم زم کی حیثیت رکھنے والا منصوبہ ہے اور اس حوالے سے کئے گئے تمام وعدے پورے کر رہے ہیں تاکہ جتنی جلدی ہو سکے قومی ترقی کے اس منصوبے سے عوام مستفید ہو سکیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک میں کسی صوبے یا قومیت کی حق تلفی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ یہ کسی ایک صوبے یا شہر کا نہیں بلکہ ترقی کا حامل منصوبہ ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ کوئی بھی صوبہ اس منصوبے میں خاطر خواہ حصہ لینے سے محروم نہ رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بعض وجوہات کی بناءپر اس منصوبے پر وفاق کے ساتھ اس کی بعض اکائیوں کے اختلافات پیدا ہو گئے تھے تاہم اب وفاقی حکومت اور تمام منتخب صوبائی قیادتوں کی مشاورت سے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی زیر نگرانی سی پیک پر پیشرفت جاری ہے جس سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے صوبوں میں زیادہ ترقی اور خوشحالی آئے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مئی 2015 ءکی آل پارٹنر کانفرنس میں جن امور پر اتفاق کیا گیا تھا ا پر عمل جاری ہے اور چھٹے جے سی سی کے اجلاس میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے ( فاٹا ) اور خیبرپختونخوا میں انڈسٹریل زونز کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جبکہ اے پی سی میں وعدے کے مطابق مغربی روٹ کی تعمیر جاری ہے جو خیبرپختونخوا اور قبائلی عوام کے امنگوں کے عین مطابق ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر جاری پیشرفت کے حوالے سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف قومی سیاسی قیادت کو بہت جلد اعتماد میں لیں گے تاکہ تمام وفاق کی تمام اکائیوں کو یقین دلایا جا سکے کہ اس عظیم منصوبے سے سب مستفید ہو سکیں گے ۔