نئی دہلی (اے پی پی) پاکستان نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کے اپنے چھٹے میچ میں جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کر لی۔ پاکستان بلائنڈ نے 101 رنز کا ہدف بآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، بدر منیر نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ تفصیلات کے مطابق کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن گراﺅنڈ پر کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ بلائنڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے۔ تیفو لیسلے 19 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ جنوبی افریقہ کے آٹھ بلے باز دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ انیس جاوید نے دو جبکہ بدر منیر اور ریاست خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان بلائنڈ نے ہدف بآسانی 5.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، بدر منیر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 20 گیندوں پر 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔ محمد جمیل 29 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ یہ پاکستان بلائنڈ کی ایونٹ میں مسلسل چھٹی کامیابی ہے۔ پاکستان بلائنڈ کر کٹ ٹیم ٹورنامنٹ میں تاحال ناقابل شکست ہے۔پاکستان اپنا ساتواں میچ (آج)منگل کو بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گا۔
