اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی بحالی پاکستان کی معیشت کیلئے مثبت پیش رفت ہے، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہوگیا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے پاکستان مشکل معاشی امتحان سے سرخرو ہو کر نکلا ہے، آئی ایم ایف پروگرام ایک مرحلہ ہے لیکن پاکستان کی منزل معاشی خود انحصاری ہے، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پروگرام کی بحالی کیلئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں، دعا ہے آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو، آئندہ پاکستان کو کبھی اس کی ضرورت نہ رہے، پر امید ہوں مسلم لیگ ن کی سابق حکومت کی طرح ایک بار پھر آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے دی۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دی گئی۔
آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کو تقریباً ایک ارب 17 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی اور قرض کی یہ رقم آئی ایم ایف کی جانب سے اسی ہفتے پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی۔