اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ٹیلی تھون ٹرانسمیشن میں ایک ارب روپے سے زائد فنڈز جمع ہو گئے۔
ٹیلی تھون میں پنجاب کے وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ، خیبر پختون خوا کے وزیراعلی پرویز الہیٰ، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید اور وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان نے قوم سے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کیلئے مشکل وقت ہے، ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا، سیلاب جیسی آفت کا مل کر مقابلہ کرنا ہو گا، عوام سیلاب سے متاثرہ افراد کی دل کھول کر امداد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی تھون سے ملنے والی رقم پورے ملک میں خرچ کی جائےگی، ثانیہ نشتر کو فلڈ ریلیف فنڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جو بھی فنڈز ملیں گے اسے ثانیہ نشتر کی سربراہی میں خرچ کیا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے پاکستان میں سب سے زیادہ فنڈ ریزنگ کی ہے، پچھلے 30 سال سے میں فنڈ ریزنگ کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کیلئے وہ اشیا لیں جن کی انہیں اس وقت ضرورت ہے، نقد رقم کو سنبھالنا بہت مشکل کام ہوتا ہے، نوجوان ہماری ٹائیگر فورس کا حصہ بنیں،حکومت کے پاس اتنے لوگ نہیں ہیں کہ وہ سب کو مدد فراہم کریں۔
مزید کہا کہ متاثرین کی مدد کیلئے رضاکاروں کی ضرورت پڑیگی،ماضی میں دیکھا سب لوگ ایک ہی جگہ اکٹھے ہو جاتے تھے، اس بار ہم ایک کنٹرول روم بنا کر سب کو علاقوں سے متعلق ہدایات دیں گے۔