خانپور: (ویب ڈیسک) آئندہ 24 گھنٹے میں دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہوگا، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خانپور کے قریب چاچڑاں شریف کے مقام پر 7 لاکھ 25 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، دریا کنارے سیکڑوں دیہات، وسیع رقبے پر کھڑی فصلیں زیرِ آب آچکی ہیں اور کئی مکانات گر گئے ہیں۔
مزید دیہات متاثر ہونے کے خطرے کے باعث انتظامیہ نے بستیاں اور دیہات خالی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ادھر لیہ میں کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، 77اسکول اور 11 مراکز صحت میں بھی پانی داخل ہوگیا ہے جبکہ کوٹری بیراج پر بھی پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔