اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیلاب متاثرین کیلئے مالیاتی اداروں سے مختص کوٹہ کے مطابق مالی امداد ملنے کا امکان ہے، حکومت نے سیلاب سے نقصانات پر ابتدائی تخمینے پر مبنی رپورٹ تیار کر لی ہے، وزیرمملکت برائے خزانہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے نقصان کا اندازہ ایک دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا اور مالیاتی اداروں سے امداد کیلئے درخواست کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب سے نقصانات پر ابتدائی تخمینے پر مبنی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، ابتدائی تخمینے کے مطابق ملکی معیشت کو 10 ارب ڈالر سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
وزیرمملکت برائے خزانہ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف، عالمی بنک، ایشیائی ترقیاتی بنک اور دیگر مالیاتی اداروں سے امداد لینے کا فیصلہ کیا ہے، مالیاتی اداروں کو وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ اور این ڈی ایم اے کی رپورٹ بھیجی جائے گی۔
ذرائع وزارت منصوبہ بندی کے مطابق سیلاب سے زراعت اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر نقصان شامل ہیں۔ تین کروڑ 30 لاکھ سے زائد آبادی میں 10 لاکھ سے زائد مکانات کا نقصان ہوا۔
وزیرمملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ مالیاتی اداروں سے امداد کیلئے درخواست کی جائے گی۔ سیلاب سے نقصان کا اندازہ ایک دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔